دبئی،3اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ٹیکنالوجی کی ترقی نے عمارتوں کو بھی اسمارٹ سہولیات سےآراستہ کرنے کا موقع فراہم کر دیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے آلات سے استفادہ کرتے ہوئے دبئی میں اسمارٹ مساجد کے قیام کا ایک نیا پروگرام شروع کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر نو مساجد میں اسمارٹ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اماراتی وزارت مذہبی امورکے ڈائریکٹر جنرل حمد بن الشیخ احمد الشیبانی کا ایک بیان نقل کیا ہے ،جس میں ان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام الناس کے لیے جدید اسمارٹ سہولیات کے ایک وسیع منصوبے پرعمل درآمد کے لیے کوشاں ہے۔ تمام شہریوں کو اسمارٹ فون اور دیگر اسمارٹ سہولیات کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہیہیں۔ آنے والے دنوں میں دبئی میں چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں ایام میں شہریوں کو اسمارٹ سروسز سے استفادہ کا موقع فراہم کیا جائے گا۔جدید اسمارٹ سہولیات میں مساجد کو اسمارٹ سروسز کی فراہمی بھی شامل ہے۔ اماراتی حکومت نے کیو آر کوڈ ٹکنالوجی کی مدد سے پہلی بار ملک میں عمارتوں کو اسمارٹ سہولیات سے جوڑنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت دبئی کی 9مساجد کو بھی اسمارٹ سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان سہولیات میں صارفین مساجد کا فاصلہ، وسعت، اس کی تاریخ، مسجد جامع ہے یا یہاں جمعہ ادا نہیں کیا جاتا، مسجد کے لیے عطیہ کیسے ادا کیا جاسکتا ہے۔ مسجد انتظامیہ کے بارے میں شکایات یا کسی بھی قسم کی فوری اطلاع کی فراہمی کے لیے اسمارٹ فون کے ذریعے سروسز مہیا کی جائیں گی۔کیو آر کوڈ ٹکنالوجی کے ذریعے اسمارٹ مساجد کے لیے اسمارٹ ایپلی کیشن کا ایک صفحہ مختص کیا جائے گا۔ بعد ازاں اس ایپلیکشن کو اسمارٹ فون میں ڈاؤن لوڈ کرکے استعمال کیا جاسکے گا۔